لاہور ( سپورٹس ڈیسک)سابق عالمی چیمپئن پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے الزامات عائد کرنے پر خاتون وکیل کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق وکیل فریال حسین نے 2023 میں ایک پوڈکاسٹ میں عامر خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف بعض الزامات عائد کیے تھے، جنہیں باکسر اور ان کی اہلیہ نے جھوٹا، بدنیتی پر مبنی اور غیر ثابت شدہ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا تھا۔اب عامر خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے فریال حسین کے خلاف ایک لاکھ پاؤنڈ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق فریال حسین نے 21 صفحات پر مشتمل دفاعی مؤقف ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق دفاعی دستاویزات میں عامر خان پر اہلیہ کے ساتھ مل کر دھمکیاں دینے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سابق باکسر نے مبینہ طور پر ایک خاتون کو سوشل میڈیا کے ذریعے نامناسب پیغامات بھیجے۔مزید رپورٹس کے مطابق وکیل نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ عامر خان نے ایک خاتون کے ساتھ مبینہ تعلق کی خفیہ ویڈیو بنانے کا اقدام کیا۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے جہاں فریقین اپنے مؤقف اور الزامات کا سامنا کریں گے۔
عامر خان کا وکیل کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ، ایک لاکھ پاؤنڈ ہرجانے کا دعویٰ
2 گھنٹے قبل