افغان وزیر کے ’ڈی این اے‘ بیان پر سوشل میڈیا پر بحث
دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے وزیرِ زراعت، آب پاشی و لائیو اسٹاک مولوی عطاء اللہ عمری نے اپنے دورۂ بھارت کے دوران کہا ہے کہ بھارت اور افغانستان کا ڈی این اے ایک جیسا ہے، جس کے بعد ان کا بیان سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران مولوی عطاء اللہ عمری نے کہا کہ یہ ان کا پہلا دورۂ بھارت ہے اور بھارتی حکومت، وزیرِ خارجہ سمیت دیگر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت آ کر انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ اپنے ہی لوگوں کے درمیان موجود ہوں اور یہ ان کا اپنا ملک ہو۔افغان وزیر نے ایک بھارتی صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیسا کہ آپ نے ذکر کیا، ہمارا اور آپ کا ڈی این اے ایک ہی ہے۔‘‘اس بیان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں، جہاں بعض افراد نے اس بیان پر تنقید کی جبکہ بعض نے طنزیہ انداز میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔