اباسین خبر

اسٹاک مارکیٹ تک عام شہریوں کی رسائی، سرمایہ کاری کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا اعلان

اسٹاک مارکیٹ تک عام شہریوں کی رسائی، سرمایہ کاری کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا اعلان

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا ہے کہ مالیاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ کو ہر پاکستانی کی پہنچ میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھا کر پچیس لاکھ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ڈاکٹر کبیر سدھو نے سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے بورڈ اور انتظامیہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو موبائل فون کے ذریعے سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرمایہ کاری کا عمل مزید آسان اور عام لوگوں کے لیے قابل رسائی بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں ادارے کی کارکردگی، سائبر سیکیورٹی انتظامات اور جاری ڈیجیٹل منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسٹاک مارکیٹ میں ڈیجیٹل اندراج کے لیے تیار کی جانے والی موبائل ایپ پر بھی غور کیا گیا جسے جولائی 2026 میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔چیئرمین نے کہا کہ نئی موبائل ایپ کے ذریعے سرمایہ کاری کا عمل تیز، محفوظ اور آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی تنظیم نو کے لیے تجاویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے جس کے تحت بنیادی ڈپازٹری نظام کو دیگر کاروباری سرگرمیوں سے الگ کیا جائے گا۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ادارہ اور متعلقہ کمیشن ملک کی کیپٹل مارکیٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے اور سرمایہ کاروں کو بہتر اور محفوظ مالی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔