رستم زمانہ گاما پہلوان کی 66ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

46 منٹ قبل
رستم زمانہ گاما پہلوان کی 66ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)برصغیر کے عظیم پہلوان غلام حسین المعروف گاما پہلوان کی آج 66ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ گاما پہلوان کو اپنی غیر معمولی طاقت، مہارت اور ناقابلِ شکست ریکارڈ کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل رہی۔غلام حسین گاما پہلوان 22 مئی 1878 کو بھارتی شہر امرتسر میں پیدا ہوئے۔ بچپن ہی سے انہوں نے کشتی میں شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور جلد ہی برصغیر کے بہترین پہلوانوں میں شمار ہونے لگے۔1910 میں لندن میں منعقد ہونے والے مقابلے میں انہوں نے امریکی پہلوان زیبیسکو کو شکست دے کر عالمی سطح پر دھاک بٹھائی اور رستم زمانہ کا خطاب حاصل کیا۔ اپنے طویل 52 سالہ کیریئر میں گاما پہلوان کبھی شکست کے منہ نہ دیکھ سکے، جس کی وجہ سے ان کی طاقت اور تکنیک آج بھی کشتی کی تاریخ کا سنہری باب شمار ہوتی ہے۔قیام پاکستان کے بعد وہ لاہور منتقل ہو گئے اور اپنے آخری سال بھائی امام بخش اور بھولو برادران کے ساتھ گزارے۔ غلام حسین گاما پہلوان 23 مئی 1960 کو لاہور میں وفات پا گئے مگر ان کی شاندار وراثت آج بھی نوجوان پہلوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔