کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک
پشاور( اباسین خبر)سینٹرل کرم کے علاقے تڑلی میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں اور اغواکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مغوی پولیس اہلکار سمیت 2 افراد کو بازیاب کرا لیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق حساس معلومات کی بنیاد پر تڑلی میں آپریشن کیا گیا، جس کے دوران اغوا کیے گئے پولیس اے ایس آئی محمدی خان کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران واجد نامی مقامی شخص کو بھی بازیاب کرایا گیا، جسے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ حساس معلومات کی بنیاد پر شروع کیا گیا آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا گیا، تاہم علاقے میں مزید دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس کارروائی جاری ہے۔