اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں گزشتہ ماہ 3 ہزار 161 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 239 تک پہنچ گئی۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق مئی کے دوران رجسٹر ہونے والی نئی کمپنیوں میں سے 99.9 فیصد کی رجسٹریشن آن لائن نظام کے ذریعے مکمل کی گئی، جو کاروباری شعبے میں ڈیجیٹل سہولتوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق صوبائی سطح پر سب سے زیادہ ایک ہزار 643 کمپنیاں پنجاب میں رجسٹر ہوئیں، جبکہ اسلام آباد میں 596، سندھ میں 479، خیبر پختونخوا میں 260، گلگت بلتستان میں 112 اور بلوچستان میں 71 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔شعبہ وار جائزے میں معلوماتی ٹیکنالوجی اور برقی تجارت کا شعبہ سرفہرست رہا، جہاں 598 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔ اس کے علاوہ تجارتی شعبے میں 503، خدمات کے شعبے میں 404 اور جائیداد و تعمیرات کے شعبے میں 303 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔ادارے کے مطابق سیاحت اور نقل و حمل کے شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی، جہاں 206 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی کے دوران 17 مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کاروباری ادارے قائم کیے۔ اعداد و شمار کے مطابق چین سے تعلق رکھنے والے 89 شیئر ہولڈرز نے مختلف کمپنیوں میں ڈائریکٹر شپ حاصل کی، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کمپنیوں کا ادا شدہ سرمایہ 139.4 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا۔
مئی میں 3161 نئی کمپنیاں رجسٹر، مجموعی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار سے تجاوز کر گئی
1 گھنٹے قبل