بھارت میں مون سون کی تباہ کاریاں، ایک روز میں 25 افراد ہلاک
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں شدید مون سون بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ کے مختلف واقعات میں ایک ہی روز کے دوران کم از کم 25 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو ہونے والی موسلادھار بارشوں سے سب سے زیادہ جانی نقصان مقبوضہ کشمیر، ناگالینڈ اور اتراکھنڈ میں ہوا، جہاں کئی علاقوں میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔مقبوضہ کشمیر کے ہمالیائی علاقوں میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق راجوری اور پونچھ اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی سیلاب نے سڑکوں، رہائشی مکانات اور کاروباری مراکز کو شدید نقصان پہنچایا، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔