لٹل ماسٹر حنیف محمد کی دسویں برسی آج منائی جا رہی ہے

لٹل ماسٹر حنیف محمد کی دسویں برسی آج منائی جا رہی ہے

Aug 11, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ کے عظیم بلے باز اور سابق کپتان حنیف محمد کی آج دسویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ لٹل ماسٹر نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران متعدد ریکارڈز قائم کیے اور کئی اعزازات حاصل کیے۔21 دسمبر 1934ء کو جونا گڑھ میں پیدا ہونے والے حنیف محمد پاکستان کی جانب سے پہلی ٹرپل سنچری بنانے والے بلے باز تھے۔ انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا جبکہ ان کا نام آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں بھی شامل ہے۔حنیف محمد نے 1952ء میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلا۔ انہوں نے 55 ٹیسٹ میچوں کی 97 اننگز میں 12 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی مدد سے 3 ہزار 915 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے نام صرف 2 چھکے اور ایک وکٹ بھی درج ہے۔جنوری 1958ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹاؤن ٹیسٹ میں حنیف محمد نے 337 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی۔ فالو آن کے بعد انہوں نے 970 منٹ تک کریز پر موجود رہتے ہوئے پاکستان کو یقینی شکست سے بچایا اور ٹیسٹ کرکٹ میں تقریباً 5 دن میدان میں رہنے والے پہلے کھلاڑی بنے۔1959ء میں کراچی کی نمائندگی کرتے ہوئے بہاولپور کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں حنیف محمد نے 499 رنز کی اننگز کھیلی اور سر ڈان بریڈمین کا ریکارڈ توڑا۔ یہ ریکارڈ 1994ء تک برقرار رہا، جسے بعد میں ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے اپنے نام کیا۔حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11 اگست 2016ء کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد گوگل نے خصوصی ڈوڈل کے ذریعے انہیں خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ وہ آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں بھی شامل کیے گئے۔لٹل ماسٹر کی آخری خواہش تھی کہ ان کے نام سے ایک کرکٹ اکیڈمی قائم کی جائے، جہاں سے مستقبل کے باصلاحیت کرکٹرز تیار ہوکر ملک کی نمائندگی کرسکیں۔