پشاور( اباسین خبر)پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو 15 اپریل تک درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اورنگزیب نے اعظم سواتی کی مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار کو پہلے بھی مقدمات کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ اب تفصیلات فراہم نہیں کریں گے؟ جس پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم تفصیلات فراہم کریں گے، مگر یہ دوبارہ درخواست دے کر آئے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ “ہم نے آپ کو نوٹس دیا تھا، آپ کو آج رپورٹ جمع کرانی چاہیے تھی، ہم آپ کو مزید وقت دیتے ہیں اور مقدمات کی رپورٹ آئندہ سماعت پر جمع کرانے کا حکم دیتے ہیں۔”بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 15 اپریل تک ملتوی کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو 15 اپریل تک گرفتاری سے تحفظ مل گیا
2