اسلام آباد( اباسین خبر)پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب کرکٹ کی اہم پوزیشنز پر سفارشی افراد کو تعینات کیا جائے گا تو کرکٹ کا حال یہی ہوگا۔ عمران خان نے خاص طور پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر تنقید کی اور کہا کہ جس عہدے پر بھی محسن نقوی کو بٹھایا گیا، اس نے بیڑہ غرق کیا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے پہلے وزیرِ اعلی کی حیثیت سے بھی ملک میں ظلم کیا اور اب کرکٹ کے معاملات میں بھی ان کی کارکردگی بہت مایوس کن ہے۔علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کو سب سے زیادہ غصہ کرکٹ پر تھا، خصوصا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ ہارنے کے بعد۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا خیال تھا کہ محسن نقوی کا کرکٹ کے معاملات سے کوئی تجربہ نہیں ہے، اور اتنی بری کارکردگی پر عزت دار آدمی مستعفی ہو جاتا، لیکن محسن نقوی ایسا نہیں کریں گے۔علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ عمران خان کی صحت بلکل ٹھیک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کو بانی پی ٹی آئی نے اپنے بچوں سے بات کی تھی اور اس کے بعد ہم نے تسلی حاصل کی کہ وہ صحت مند ہیں۔علیمہ خان نے اس بات پر بھی وضاحت دی کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بے ہوش ہونے والی خبر غلط تھی اور یہ صرف غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش تھی۔
محسن نقوی کو جس عہدے پر بھی بٹھایا گیا اس نے بیڑہ غر ق کیا، عمران خان
2