کوئٹہ ( اباسین خبر)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے کہا کہ بلوچستان میں لیویز فورس ایک منفرد اور کمیونٹی بیسڈ فورس ہے جس کا عوام سے براہ راست تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیویز فورس نے اپنی صد سالہ تاریخ میں شجاعت، دلیری اور غیرت مندی سے الگ پہچان بنائی ہے اور ہر دور میں چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ایمانداری اور بہادری سے اپنی ذمہ داریوں کو نبھایا۔عبدالغفار مگسی نے مزید کہا کہ لیویز فورس کے زیر اثر 80 فیصد ایریا میں کرائم کا تناسب نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ، لیویز فورس نہ صرف امن و امان کے معاملات میں بلکہ قدرتی آفات، سیلاب، زلزلوں اور دیگر حادثات میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کے جوانوں کی عسکری تربیت کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ مگسی نے جوانوں کو ہدایت دی کہ وہ ہمیشہ عوام کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ان کی حفاظت کے لیے تیار رہیں تاکہ عوام کو ان سے محبت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیویز فورس کا معیار ایسا ہونا چاہیے کہ دہشت گرد بھی ان سے خوفزدہ ہوں۔عبدالغفار مگسی نے جوانوں کو تاکید کی کہ وہ عوام کو تنگ کرنے سے گریز کریں اور ہمیشہ چاق و چوبند رہیں تاکہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کی جا سکے۔ انہوں نے لیویز فورس کے جوانوں سے کہا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے مکمل چوکس رہیں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔
لیویز کے80فیصد ایریا میں کرائم کا تناسب نہ ہونے کے برابر ہے،ڈی جی لیویز فورس
2