نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک)ٹک ٹاک کی امریکہ میں واپسی نے جہاں ایک طرف سوشل میڈیا کی دنیا میں غیر یقینی صورتحال کو جنم دیا ہے، وہیں دوسری طرف دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔پہلے ایکس (ٹوئٹر) نے ٹک ٹاک جیسی ورٹیکل ویڈیوز کی فیڈ متعارف کرائی، اور اب بلیو اسکائی نے بھی ویڈیو مواد کے لیے ایک خصوصی ٹیب اور فیڈ متعارف کرایا ہے۔ بلیو اسکائی نے اس فیڈ کے ذریعے صارفین کو ٹک ٹاک کی طرح ورٹیکل ویڈیوز تک رسائی فراہم کی ہے، تاکہ صارفین آسانی سے ویڈیوز تلاش کر سکیں۔ اس فیڈ میں آپ ویڈیوز کو اوپر نیچے اسکرول کر کے دیکھ سکتے ہیں اور اسے پن بھی کر سکتے ہیں۔انسٹاگرام بھی پیچھے نہیں ہے اور اس نے ٹک ٹاک کی ایڈیٹنگ ایپ کیپ کٹ کے مقابلے میں اپنی ایپ “ایڈیٹس” متعارف کرائی ہے تاکہ صارفین کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ، بلیو اسکائی کی جانب سے ویڈیو مواد پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں کاسٹیوم فیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ اور زیادہ انٹرایکٹو ہو گیا ہے۔ بلیو اسکائی نے اس فیڈ کے لیے اے ٹی پروٹوکول بھی تیار کیا ہے تاکہ ویڈیوز کو بہترین طریقے سے پیش کیا جا سکے۔ایکس کی جانب سے بھی امریکی مارکیٹ میں نئی ویڈیو ٹیب متعارف کرائی گئی ہے جس میں ویڈیوز ٹک ٹاک کی طرح ورٹیکل یوزر انٹرفیس میں دکھائی جاتی ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنی جگہ مستحکم کرنے کے لیے تیز رفتار تبدیلیاں کر رہے ہیں۔
بلیو اسکائی میں بھی ٹک ٹاک جیسی ویڈیو فیڈ کا اضافہ
2