اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا اوور بلنگ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اوور بلنگ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے، اور اس میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، سردار اویس احمد خان لغاری، وزرائے مملکت شزا فاطمہ اور علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور دیگر اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران نومبر تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی ریکوری 87.98 فیصد اور فیسکو کی ریکوری 97.57 فیصد رہی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جا سکے اور بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کو انتہائی شفاف طریقے سے جلد مکمل کیا جائے۔ مزید برآں، وزیراعظم نے افرادی قوت کی بھرتی کو میرٹ پر رکھنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی، اور نیپرا کے دیئے گئے ٹارگٹس کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے بجلی صارفین کے لئے شکایات کے ازالے اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے کال سینٹرز، ای میلز، ویب سائٹس، اور نیپرا کی موبائل و ویب سروسز کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اوور بلنگ ناقابل قبول، ملوث افسران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی: وزیراعظم
4