لاہور( اباسین خبر)پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ ن لیگ اور تحریک انصاف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ ن لیگ وہی سیاست پہلے پیپلزپارٹی کے خلاف کرتی تھی، اور آج تحریک انصاف کے ساتھ وہی سیاست ایک دوسرے کے خلاف کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے نتائج اس وقت ہی واضح ہوں گے جب کوئی نتیجہ سامنے آئے گا۔ بانی پی ٹی آئی کا موقف غیر واضح ہے، اور اب جب انہیں دبا کا سامنا ہے تو وہ مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔حسن مرتضی نے مزید کہا کہ کل پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے گڑھی خدا بخش میں اپنی قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا، اور چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ ملک کا ایٹمی پروگرام ہی اصل نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوتیں جو ایٹمی پروگرام کو رول بیک کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، دوبارہ اپنا منصوبہ شروع کر چکی ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ وہ کسی بھی فتنے کو پنپنے نہیں دیں گے جو ایٹمی پروگرام کے خلاف ہو، اور ایسے افراد کے خلاف غداری کے مقدمات درج ہونے چاہیے جنہوں نے ایٹمی پروگرام پر حملہ کیا۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پیپلزپارٹی ملک کی سالمیت اور ایٹمی پروگرام کا تحفظ کرے گی، اور ہمیشہ ملک کو اپنی ترجیحات میں اولیت دے گی۔
ن لیگ اور تحریک انصاف ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں: حسن مرتضیٰ
2