سہیل سمیر نے وائرل ویڈیو پر مداحوں سے معذرت کرلی

سہیل سمیر نے وائرل ویڈیو پر مداحوں سے معذرت کرلی

Sep 1, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر دوبارہ گردش کرنے والے ایک غیر اخلاقی ویڈیو کلپ پر مداحوں اور صارفین سے معافی مانگ لی۔چند روز قبل سہیل سمیر کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں ان کے ساتھ ایک خاتون اداکارہ بھی موجود تھیں۔ بتایا گیا کہ یہ ویڈیو ایک فلم کا حصہ تھی، تاہم اس کے مناظر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ویڈیو دوبارہ وائرل ہونے کے بعد سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کلپ تقریباً 10 سال پرانا ہے اور انہوں نے اس پر ان تمام افراد سے دل کی گہرائیوں سے معذرت کی جنہیں اس کی وجہ سے دکھ، تکلیف یا مایوسی ہوئی۔اداکار نے کہا کہ ممکن ہے اس وقت انہیں اندازہ نہ ہو کہ ماضی کی کوئی حرکت مستقبل میں دوبارہ اس طرح سامنے آسکتی ہے۔ تاہم اب ویڈیو سامنے آنے پر انہیں احساس ہوا کہ ان کے گھر میں بھی ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں اور اگر ان کے خاندان کے کسی فرد سے متعلق ایسا مواد سامنے آئے تو انہیں بھی تکلیف ہوگی۔سہیل سمیر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس وقت ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، حالات خواہ کچھ بھی رہے ہوں۔ ان کے مطابق عزت بنانے میں برسوں لگتے ہیں لیکن اسے ختم ہونے میں صرف ایک لمحہ کافی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی غلطی پر دل سے شرمندہ اور افسردہ ہیں اور مداحوں سمیت تمام متاثرہ افراد سے درخواست کرتے ہیں کہ انہیں معاف کردیں۔