رام گوپال ورما نے مصنوعی ذہانت کو فلمی صنعت کیلئے خطرہ قرار دے دیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)نامور بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما نے مصنوعی ذہانت کو فلمی صنعت کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے برسوں میں یہ ٹیکنالوجی سنیما کی دنیا میں بہت بڑی تبدیلی لائے گی۔منفرد اور جدید تکنیکی انداز میں فلمیں بنانے کے حوالے سے معروف رام گوپال ورما کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے بعد فلم سازی کے لیے بڑے بجٹ، سیکڑوں افراد پر مشتمل عملے اور مہنگے سیٹوں کی ضرورت کم ہوجائے گی۔ہدایتکار کے مطابق اس تبدیلی کا ایک مثبت پہلو یہ ہوگا کہ نئے اور باصلاحیت افراد کو محدود وسائل کے باوجود فلمیں بنانے کے زیادہ مساوی مواقع میسر آئیں گے۔تاہم رام گوپال ورما کا کہنا ہے کہ فلموں کے معیار اور مستقبل میں بہتری کے امکانات کے ساتھ اس ٹیکنالوجی کی ایک بڑی قیمت بھی ادا کرنا پڑے گی۔ ان کے مطابق روایتی فلمی اسٹوڈیوز، بھاری معاوضے لینے والے اداکاروں اور فلمی عملے کے روزگار کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند برسوں میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے فلمیں اتنی کم لاگت اور تیزی سے تیار ہونے لگیں گی کہ فلمی صنعت کا موجودہ معاشی ڈھانچہ مکمل طور پر تبدیل ہوجائے گا۔