رابی پیرزادہ نے بارش کے بعد لاہور کی صورتِ حال پر آواز اٹھا دی
لاہور( شوبز ڈیسک) پنجاب میں حالیہ بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل سامنے آئے، جبکہ لاہور کے ڈی ایچ اے میں بھی کئی مقامات پر سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔ گلوکارہ و سابق اداکارہ رابی پیرزادہ نے اپنے گھر کے قریب کھڑے پانی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے شکوہ کیا۔رابی پیرزادہ نے اپنے فیس بک صفحے پر بارش کے بعد کی صورتحال کی ویڈیو شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے "بارش کے بعد لاہور کی صورتِ حال اور مریم نواز کا ستھرا پنجاب" کے الفاظ تحریر کیے، جبکہ ویڈیو پر بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے لاہور کی موجودہ صورتحال دکھائی۔ویڈیو میں رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ وہ لاہور کے مہنگے علاقوں میں شمار ہونے والے ڈی ایچ اے فیز ون میں اپنے گھر کے باہر موجود ہیں، جہاں بارش کے باعث پانی کھڑا ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے ان کے دفتر اور اسکول کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ انہوں نے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔بعد ازاں ویڈیو کے کمنٹس میں رابی پیرزادہ نے وضاحت کی کہ ان کا مقصد کسی مخصوص علاقے یا ادارے کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں، بلکہ عوام کو درپیش مسائل اربابِ اختیار تک پہنچانا ہے تاکہ بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔رابی پیرزادہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جہاں صارفین نے اس پر مختلف آراء کا اظہار کیا۔ بعض افراد نے ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ شدید بارش کے بعد پانی کا عارضی طور پر جمع ہونا معمول کی بات ہے اور چند گھنٹوں کے اندر بیشتر علاقوں سے پانی کی نکاسی بھی کر دی گئی۔