والدہ کی وفات نے جیا علی کو شدید ذہنی صدمے سے دوچار کردیا

والدہ کی وفات نے جیا علی کو شدید ذہنی صدمے سے دوچار کردیا

Sep 1, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و ماڈل جیا علی نے اپنی والدہ کے انتقال اور اس کے بعد پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران والدہ کا ذکر کرتے ہوئے جیا علی جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کی شادی صرف 16 برس کی عمر میں ہوئی تھی اور وہ پانچ بچوں کی ماں تھیں۔اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ نے خاندان کی کفالت اور بچوں کی پرورش کے لیے طویل عرصے تک محنت کی، جس کے باعث وہ اپنی صحت پر مناسب توجہ نہ دے سکیں۔جیا علی نے بتایا کہ والدہ زندگی کے آخری برسوں میں شدید بیماری میں مبتلا رہیں اور ایک مرتبہ کومے میں بھی چلی گئی تھیں۔ والدہ کی بیماری اور آخری ایام اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنا ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تجربہ تھا۔آبدیدہ ہوتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ انہیں آج بھی اس بات کا افسوس ہے کہ وہ اپنی والدہ سے کبھی کھل کر محبت کا اظہار نہیں کرسکیں، حالانکہ والدہ نے بچوں اور خاندان کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔جیا علی کے مطابق انہیں والدہ کے انتقال کی اطلاع اسلام آباد میں ملی، لیکن وہ فوری طور پر اس حقیقت کو قبول نہ کرسکیں اور ایک عجیب ذہنی کیفیت میں مبتلا ہوگئیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ والدہ کی تدفین کے لیے لاہور نہ جاسکیں اور کام کے سلسلے میں کراچی چلی گئیں۔ اس دوران اہل خانہ بھی ان سے رابطہ نہ کرسکے، جس کے باعث والدہ کی تدفین دو روز بعد ہوئی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس دوران نہ وہ رو سکیں اور نہ ہی مناسب ردعمل دے پائیں، جبکہ انہیں یہ حقیقت تسلیم کرنے میں تقریباً چار دن لگے کہ ان کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔جیا علی نے کہا کہ والدہ کے انتقال کے بعد کا عرصہ ان کی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں شامل تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس صدمے کے نتیجے میں انہیں بال جھڑنے کی بیماری ایلوپیشیا اور ڈپریشن کا بھی سامنا کرنا پڑا۔