جاوید شیخ نے کیریئر کے مشکل ترین دور کی داستان سنا دی
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے فنی سفر کے ایک کٹھن مرحلے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہیں فلم سے نکال کر ان کی جگہ اداکار فیصل رحمٰن کو مرکزی کردار دے دیا گیا، جس سے وہ شدید دلبرداشتہ ہو گئے تھے۔ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ ایک فلم کی ناکامی کے بعد انہیں نئی فلم میں ہیرو کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی اور وہ اس منصوبے پر کام شروع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار تھے۔انہوں نے بتایا کہ بعد میں فلم سازوں کی جانب سے فون آیا اور انہیں آگاہ کیا گیا کہ فلم کے ڈسٹری بیوٹر کی رائے ہے کہ وہ اس وقت بطور اداکار کامیاب نہیں رہے، اس لیے ان کی جگہ فیصل رحمٰن کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جاوید شیخ کے مطابق اس فیصلے نے انہیں گہرا صدمہ پہنچایا اور وہ جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد انہیں کئی برس تک سخت محنت اور مسلسل جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اپنی لگن اور ثابت قدمی کے باعث وہ دوبارہ کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ عرصے بعد وہی فلم ساز دوبارہ فلم کی پیشکش لے کر ان کے پاس آئے، لیکن انہوں نے کسی قسم کی رنجش دل میں نہ رکھی اور مکمل پیشہ ورانہ انداز میں ان کے ساتھ کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ زندگی میں کامیابی اور ناکامی دونوں آتی رہتی ہیں، لیکن صبر، مستقل مزاجی اور مثبت سوچ انسان کو دوبارہ عروج تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے