عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنی قبر سے متعلق اہم انکشاف کر دیا
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان کے نامور گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی آخرت کی تیاری اور اپنی آخری آرام گاہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی قبر پہلے ہی تیار کروا رکھی ہے۔گفتگو کے دوران عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ انہوں نے اپنی آخرت کی تیاری کے طور پر عیسیٰ خیل میں واقع اپنے خاندانی قبرستان میں اپنے لیے ایک قبر مخصوص کروا دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ان کی زندگی میں وہاں جائے تو وہ خود یہ جگہ دکھا سکتے ہیں، ورنہ بعد میں بھی اسے دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ خاندانی قبرستان میں ان کی قبر کے ساتھ کچھ اضافی جگہ بھی موجود ہے۔ انہوں نے اہلیہ کے لیے جگہ مختص ہونے کا ذکر مذاقاً کیا، تاہم وضاحت کی کہ حقیقت میں صرف اپنی قبر تیار کروائی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب پر اپنا رحم فرمائے۔نامور گلوکار کے مطابق فارم ہاؤس اور مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ان کے ذہن میں یہ خیال آیا کہ ان کی آخری آرام گاہ بھی اسی علاقے میں ہونی چاہیے۔عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ والدہ، عزیز و اقارب اور قریبی دوستوں کی وفات نے انہیں زندگی اور موت کے بارے میں گہرائی سے سوچنے پر مجبور کیا۔ ان کی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں پُرسکون اور باوقار موت عطا فرمائے۔گلوکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء اور تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔