کراچی( اباسین خبر)شہر قائد میں لیاری گینگ وار کے کارندے ایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں اور انہوں نے بھتہ خوری سمیت دیگر وارداتوں کا آغاز کر دیا ہے۔ رمضان المبارک اور عید کی آمد سے قبل لیاری گینگ وار کے ارکان نے اولڈ سٹی ایریا سے نکل کر شہر کے دیگر علاقوں میں وارداتیں شروع کر دی ہیں۔نیو کراچی میں دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے میں لیاری گینگ وار کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کی ناکامی کے باعث شہر میں بھتہ خوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ منگل کے روز نیو کراچی کے سیکٹر 11 ڈی میں دکانداروں کو بھتہ طلب کرنے کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔مقدمہ بھتہ خوری، جان سے مارنے کی دھمکی اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ متاثرہ تاجر نے بیان دیا کہ ان کا کنفیکشنری کا کاروبار ہے اور جب دو مسلح ملزمان موٹر سائیکل پر آئے تو انہوں نے ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔ تاجر نے ملزمان کو بتایا کہ ان کے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس سے ایک 3 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچی اور ایک 9 ایم ایم پستول کی گولی کا سکہ قبضے میں لیا۔ اسی دوران دکانداروں کو دوبارہ فون پر دھمکیاں دی گئیں اور 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور واقعے کی تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو منتقل کر دی گئی ہے۔پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس کیس کی تفتیش جاری ہے۔
کراچی؛ عید سے قبل لیاری گینگ وار کارندوں کی بھتہ خوری اور دیگر وارداتیں شروع
2