زیارت میں شہدا کے چہلم پر عظیم الشان ریلی، مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
کو ئٹہ( اباسین خبر)زیارت میں دھرنا کمیٹی اور آل پارٹیز زیارت کے زیرِ اہتمام شہدا کے چہلم کے موقع پر بڑی ریلی نکالی گئی، جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی خنڈی سر پلازہ پہنچی جہاں جلسہ عام منعقد ہوا۔ جلسے کی صدارت جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا نور الحق نے کی، جبکہ مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔مقررین نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی نے سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین اور عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی سمیت عوام کے جائز مطالبات کی منظوری تک پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔رہنماؤں نے 12 روزہ پرامن دھرنے کے منتظمین اور شرکا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیارت کے عوام نے آئینی، جمہوری اور اجتماعی حقوق کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کی نئی مثال قائم کی ہے۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہدا کے لواحقین اور آل پارٹیز کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں ایف سی کی واپسی کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم اس کے برعکس زیارت میں سیکیورٹی کے نام پر عوامی اور قبائلی اراضی پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور قبضے کی کوششیں جاری ہیں، جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔جلسے میں ڈاکٹر عبدالصمد پانیزئی نے متفقہ قراردادیں بھی پیش کیں، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔