سابق فوجیوں کا تجربہ بدلتے سیکیورٹی چیلنجز میں قیمتی اثاثہ ہے: عاصم منیر
راولپنڈی( اباسین خبر) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے اور پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سابق فوجیوں کا تجربہ اور رہنمائی ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ آزادی کے موقع پر پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر خدمات اور زندگی بھر کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قومی استقامت مضبوط بنانے میں ان کے دیرپا کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور پاک فوج سے مسلسل وابستگی ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، بالخصوص تیزی سے تبدیل ہوتے اور پیچیدہ سیکیورٹی ماحول میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی رہنمائی انتہائی اہم ہے۔دریں اثنا سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مسلح افواج کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کا بھی عہد کیا۔