امریکا کا مجموعی قرض 40 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کرگیا
Aug 20, 2026|ویب ڈیسک
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کا مجموعی عوامی قرض تاریخ میں پہلی بار 40 ٹریلین ڈالر کی حد عبور کر گیا۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق 2017 کے بعد سے ملک کا مجموعی قرض تقریباً دوگنا ہوچکا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دونوں صدارتی مدتوں کے دوران امریکی قرض میں 11.6 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا، جبکہ سابق صدر جو بائیڈن کے چار سالہ دور میں قرض 8.4 ٹریلین ڈالر بڑھا۔محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ قرض میں مسلسل اضافے کے باعث امریکا کو مالیاتی بحران کے بڑھتے ہوئے خطرے کا سامنا ہے، جبکہ قرض پر سود کی ادائیگی اور سماجی بہبود کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹیکسوں میں کمی کے نتیجے میں حکومتی آمدنی متاثر ہوئی ہے۔ جنوری 2017 میں جب ٹرمپ نے پہلی بار صدارت کا حلف اٹھایا تھا، اس وقت امریکا کا مجموعی قرض 19.95 ٹریلین ڈالر تھا۔