ایران میں امریکی اسرائیلی حملوں سے 100 طیارے تباہ، مواصلاتی نظام متاثر
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر مواصلات فرازانے صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے دوران ایران کے 100 طیارے تباہ ہوئے، جبکہ ملک کے مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرازانے صادق نے بتایا کہ حملوں سے ہوائی اڈوں کے علاوہ بجلی اور پانی کی تنصیبات بھی متاثر ہوئیں۔ ان کے مطابق شدید نقصانات کے باوجود ایران نے 8 طیاروں کے ذریعے حج پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا، جبکہ جنگ کے دوران ریل، سڑکوں اور بندرگاہوں کے ذریعے نقل و حمل بھی برقرار رہی۔ایرانی وزیر نے کہا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ملک کے 25 صوبوں کے 400 شہروں میں تقریباً ایک لاکھ کمرشل اور رہائشی یونٹس کو نقصان پہنچا۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں 60 روز کی مدت پابندیوں کے خاتمے اور جوہری معاملے پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے مقرر کی گئی تھی، تاہم ان کے بقول امریکا کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کے باعث مذاکرات کا آغاز ہی نہیں ہوسکا۔