شام میں خفیہ جوہری مواد ہٹانے پر امریکا، اسرائیل اور دمشق میں اتفاق

شام میں خفیہ جوہری مواد ہٹانے پر امریکا، اسرائیل اور دمشق میں اتفاق

Aug 11, 2026|ویب ڈیسک

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اور اسرائیلی حکام کے شام کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد شام کے خفیہ مقام پر موجود جوہری مواد جلد ہٹائے جانے کا امکان ہے۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ، شام اور اسرائیل کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) شام کے خفیہ مقام ’’سائٹ 99‘‘ پر موجود جوہری مواد اپنی تحویل میں لے گی۔رپورٹ کے مطابق سائٹ 99 پر موجود جوہری مواد طویل عرصے سے امریکا اور اسرائیل کیلئے تشویش کا باعث بنا ہوا تھا۔ بشارالاسد حکومت نے اپنے خفیہ جوہری پروگرام کے تحت الکِبار ری ایکٹر قائم کیا تھا، جبکہ حکومت کے خاتمے کے بعد آئی اے ای اے کو شام کے جوہری مقامات تک رسائی حاصل ہوئی۔اسرائیل نے 2007ء میں شام کے خفیہ الکِبار جوہری ری ایکٹر کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا تھا۔امریکی میڈیا کے مطابق جوہری مواد کے معاملے پر امریکا، اسرائیل اور شام کے درمیان کئی ماہ تک خفیہ سفارتی رابطے جاری رہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جوہری مواد نہ ہٹائے جانے کی صورت میں سائٹ 99 پر دوبارہ حملے کی دھمکی دی تھی۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل سے سائٹ 99 کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی، جبکہ اسرائیلی دھمکی کے بعد آئی اے ای اے کو معاملے میں شامل کیا گیا۔امریکی حکام کے مطابق اسرائیل کو یہ خدشہ بھی تھا کہ ترکیہ شام کو سائٹ 99 سے جوہری مواد حاصل کرنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ شام کی موجودہ حکومت نے جوہری مواد تک رسائی کے معاملے میں آئی اے ای اے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔