امریکا کا ایران پر بڑا فضائی حملہ، متعدد اہداف نشانہ بنانے کا دعویٰ
واشنگٹن، تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی کارروائیاں کی ہیں، جن میں پاسداران انقلاب کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔سینٹ کام کے مطابق حملوں میں فوجی کمانڈ مراکز، میزائل اور ڈرون تنصیبات، ساحلی نگرانی کے نظام، دفاعی مراکز اور بحری صلاحیتوں سے متعلق مقامات کو ہدف بنایا گیا۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد امریکی افواج، تجارتی بحری راستوں اور خلیجی ممالک کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔ایرانی حکام کے مطابق امریکی حملوں میں جزیرہ قشم کی ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ایرانی حکام کے مطابق ہرمزگان صوبے کے نائب گورنر احمد نفیسی نے بتایا کہ صبح 4 بجے جزیرہ قشم پر فضائی حملہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد قشم شہر کے علاقے چاہ ٹنگو میں ایک رہائشی یونٹ کو میزائلوں سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاع ملی۔خوزستان کے نائب گورنر نے آبادان کے نواحی علاقوں میں حملوں کی تصدیق کی، تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے نمائندے کے مطابق خوزستان کے کم از کم چار شہروں شادگان، اروندکنار، آبادان اور اہواز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ صرف اہواز میں سات دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب قشم، ابوموسیٰ اور کیش کے جزیروں کے اطراف سمندری علاقوں اور آبنائے ہرمز میں بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔صوبہ فارس کے شہروں نورآباد ممسنی اور کازرون سے بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔