ریاست سے غیر مشروط اخلاص ہر سرکاری افسر کا طرۂ امتیاز ہونا چاہیے: سرفراز بگٹی
کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے 19 افسران کی میرٹ پر تعیناتی کا عمل مکمل ہوگیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نو منتخب افسران میں تقرری کے لیٹرز تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے محنت، لگن، دیانت داری اور ریاست سے غیر مشروط وفاداری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی صوبے کے معاشی مستقبل میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صوبے کے وسائل کا بڑا حصہ غیر ترقیاتی اخراجات پر خرچ ہوجاتا ہے، جس کے باعث عوامی فلاح و بہبود کے لیے محدود وسائل باقی رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی سے توقع ہے کہ وہ صوبائی آمدن میں اضافہ کرے گی اور غیر ترقیاتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے خاطر خواہ وسائل پیدا کرے گی۔ بچنے والے وسائل عوامی فلاح، تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جاسکیں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزارتِ اعلیٰ سنبھالنے کے پہلے روز ہی انہوں نے بلوچستان کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ سرکاری ملازمتیں فروخت نہیں ہوں گی اور بھرتیوں میں میرٹ کو ہر صورت ترجیح دی جائے گی۔ محکمہ تعلیم میں 14 ہزار 500 سے زائد اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں حالیہ تقرریاں اسی پالیسی کا تسلسل ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھرتیوں میں میرٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے اپنے ضلع ڈیرہ بگٹی سے بھی کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔ ان کے مطابق پورے عمل کے دوران کسی ایگزیکٹو دفتر کی جانب سے دباؤ نہیں ڈالا گیا اور تمام تقرریاں مکمل میرٹ پر کی گئیں۔انہوں نے میرٹ یقینی بنانے پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان نورزئی اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیاں نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے نو منتخب افسران کو ہدایت کی کہ وہ خلوص، محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے اہداف میں نمایاں بہتری ان افسران کا پہلا امتحان ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست سے غیر مشروط اخلاص ہر سرکاری افسر کا طرۂ امتیاز ہونا چاہیے۔ پاکستان ہماری پہچان ہے اور فرائض کی ادائیگی میں ریاست کو ہر سطح پر مقدم رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے میرٹ کو فروغ دینا ہوگا، کیونکہ میرٹ پر مبنی نظام ہی ریاستی اداروں اور نوجوانوں کے درمیان اعتماد اور وابستگی مضبوط کرسکتا ہے۔