سوات خودکش حملے کی سلامتی کونسل کی شدید مذمت
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس اسٹیشن کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور قابل نفرت کارروائی قرار دیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے اپنے بیان میں حملے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سلامتی کونسل نے زور دیا کہ دہشتگرد حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں، مالی معاونین اور دیگر ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں اپنے جرائم کا جوابدہ بنایا جائے۔سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔سلامتی کونسل نے اپنے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دہشتگردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس لیے تمام ممالک دہشتگردی کے خطرات کا ہر ممکن طریقے سے مقابلہ کریں۔واضح رہے کہ اتوار کو ایک خودکش حملہ آور نے سوات کے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم مرکزی دروازے پر موجود پولیس اہلکار نے اسے روک لیا، جس پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے وقت پولیس اسٹیشن کے قریب ایک امن ریلی بھی جاری تھی۔