برطانیہ کا اسرائیلی آبادکاری منصوبے پر شدید احتجاج
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ نے مقبوضہ علاقوں میں نئے متنازع یہودی آبادکاری منصوبے کے لیے ٹینڈر جاری کرنے پر اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ اسرائیل کو ای ون منصوبہ فوری طور پر روکنا، جاری کردہ ٹینڈر واپس لینا اور یہودی آبادکاری میں توسیع کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔دوسری جانب غزہ میں آسٹریلوی امدادی کارکن کی ہلاکت کے معاملے پر آسٹریلیا نے بھی اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا۔ یہ اقدام 2024ء میں فضائی حملے کے دوران امدادی کارکن کی ہلاکت پر اسرائیلی فوج کے خلاف فوجداری کارروائی نہ کرنے کے فیصلے کے بعد کیا گیا۔آسٹریلوی حکومت کے مطابق اسرائیلی فوج خود اعتراف کرچکی ہے کہ امدادی کارکن زومی اور ان کے ساتھیوں کی گاڑیوں پر حملہ سنگین عملی خامیوں، غلط شناخت اور فیصلہ سازی میں غلطیوں کا نتیجہ تھا۔تاہم اسرائیلی فوج نے بدھ کو مؤقف اختیار کیا کہ فلاحی ادارے ’’ورلڈ سینٹرل کچن‘‘ کے 7 امدادی کارکنوں کی ہلاکت کے معاملے میں اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائی کی کوئی بنیاد نہیں ملتی۔