بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

Aug 14, 2026|ویب ڈیسک

بنوں( اباسین خبر) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ضلعی پولیس نے تھانہ ڈومیل کی حدود اکبر علی خان کلے اور گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی کی ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیموں اور ضلعی پولیس نے دہشت گردوں کا تعاقب کیا، جس پر دونوں جانب سے شدید فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔پولیس نے 2 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک کی لاش برآمد کرلی گئی، جبکہ دوسرے کی لاش اس کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے سنائپر رائفل اور ایم فور رائفل بھی برآمد ہوئی ہیں، جبکہ علاقے میں مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی مصلحت اختیار نہیں کی جائے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔