ٹرانسپورٹرز کے مسائل مرحلہ وار حل کریں گے، سرفراز بگٹی
کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی کی سربراہی میں ٹرانسپورٹرز اور آل پاکستان مزدا ٹرک گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں صوبے کے ٹرانسپورٹ شعبے کو درپیش مشکلات، قومی شاہراہوں کی سکیورٹی، تجارتی سرگرمیوں اور مال برداری کے نظام کو بہتر بنانے سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات خان، اسپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالسلام خان اچکزئی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون اور ایڈیشنل سیکرٹری محمد فریدون خان بھی موجود تھے۔وفد میں آل پاکستان مزدا ٹرک گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر نواب مینگل سمیت میر دولت خان لہڑی، انجمن تاجران کے نمائندے رحیم کاکڑ، نور احمد کاکڑ، حاجی یاسین مینگل، نور اللہ ترین، حاجی محمد ابراہیم بنچاری، آغا داد اللہ، حاجی خلیل، طاہر احمد مینگل اور آغا شامل تھے۔وفد نے وزیراعلیٰ کو ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور گڈز ایسوسی ایشن کو درپیش مشکلات، شاہراہوں پر سفر کے دوران پیش آنے والے مسائل اور ٹرانسپورٹ سے متعلق مختلف انتظامی امور سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ صوبائی اور ملکی معیشت میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے، حکومت اس شعبے کے مسائل حل کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل مرحلہ وار حل کیے جائیں گے اور متعلقہ محکموں کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مؤثر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔