قبائلی علاقوں میں ٹیکسوں کے خلاف تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال

قبائلی علاقوں میں ٹیکسوں کے خلاف تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال

Jul 29, 2026|ویب ڈیسک

 پشاور( اباسین خبر) قبائلی اضلاع کے تاجروں نے نئے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لنڈی کوتل میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کر دی، جس کے باعث تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے قبائلی علاقوں میں ٹیکسوں کے اطلاق کے فیصلے پر تاجروں نے پہلے ہی احتجاج کا اعلان کیا تھا، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے آج لنڈی کوتل کے تمام بازار بند رہے اور تجارتی مراکز میں مکمل سناٹا چھایا رہا۔احتجاج کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں کاروباری حالات پہلے ہی انتہائی مشکل ہیں۔ طورخم بارڈر کی بندش کے باعث تاجر شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ نئے ٹیکسوں نے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔تاجر برادری نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹیکسوں کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لے، کیونکہ موجودہ حالات میں وہ یہ بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں۔ہڑتال کے دوران تاجروں نے واضح کیا کہ وہ عائد کیے گئے ٹیکسوں کو مسترد کرتے ہیں اور کسی صورت ان کی ادائیگی کے لیے تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو تاجروں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔