پنجگور میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام، جوان شہید
کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں شاہراہ این 85 پر قائم سیکیورٹی پوسٹ پر فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چوکی پر موجود اہلکاروں نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت بروقت محسوس کرتے ہوئے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں حملہ آوروں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا اور وہ اپنے عزائم پورے کیے بغیر فرار ہوگئے۔سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوکی کا مؤثر دفاع کیا۔ کارروائی کے دوران ایک بہادر جوان وطن اور چوکی کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوگیا۔آئی ایس پی آر نے شہید جوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کے امن و سلامتی کا تحفظ کر رہے ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ یکم سے 23 اگست تک مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 15 کارروائیوں کے دوران 70 دہشتگرد مارے گئے، جن میں 50 فتنہ الہندوستان کے کارندے شامل تھے۔