آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو بدستور خطرہ
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے مشرق وسطیٰ میں خطرے کی سطح کو بدستور شدید قرار دیتے ہوئے آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاع دی ہے۔برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اس اہم بحری راستے سے تجارتی آمدورفت بھی معمول سے بہت کم ہے اور صرف چند جہاز گزر رہے ہیں۔تنظیم کی تازہ رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے بحری جہازوں سے ریڈیو رابطے، شناخت کی کوششیں، ڈرون پروازیں اور تجارتی جہازوں کی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اہم بحری گزرگاہوں میں اپنی موجودگی برقرار رکھتے ہوئے وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر دباؤ قائم رکھنا چاہتا ہے۔رپورٹ کے مطابق بحری جہازوں کے قریب میزائل یا دیگر گولہ بارود فائر کرنے اور دھماکوں سمیت براہِ راست فوجی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ایسے واقعات عمان جانے والے جنوبی بحری راستوں، خصوصاً لیما، خصب اور کمزار کے قریب پیش آئے ہیں۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے مسلسل خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔