لوئر دیر میں آپریشن، 6 خوارج ہلاک
پشاور( اباسین خبر)لوئر دیر کے علاقے برچڑئی تالاش میں پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائی کے دوران 6 خوارج مارے گئے۔ حکام کے مطابق سکیورٹی اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد ضلع دیر کی پہاڑیوں میں موجود ہیں۔ یہ عناصر چند روز قبل باڈوان پل چیک پوسٹ پر حملے اور کانسٹیبل محمد اسماعیل کی شہادت میں بھی ملوث تھے۔اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ آج جب دہشت گرد اپنی پناہ گاہوں سے نکلے تو اہلکاروں نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔پولیس نے دفاع اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جوابی کارروائی کی، جس کے بعد سرچ آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ مارے جانے والوں میں خلیل الرحمان عرف صدام، نجم الدین عرف ابوجانہ اور کفایت اللہ شامل ہیں، جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔