شان شاہد کا کراچی کے بڑے اداکاروں پر رویے سے متعلق بیان، شوبز میں نئی بحث

14 گھنٹے قبل
شان شاہد کا کراچی کے بڑے اداکاروں پر رویے سے متعلق بیان، شوبز میں نئی بحث

کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار شان شاہد نے کراچی سے تعلق رکھنے والے بعض بڑے اداکاروں کے رویے پر کھل کر تنقید کی ہے، جس کے بعد شوبز انڈسٹری میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔شان شاہد کو پاکستان فلم انڈسٹری کے نمایاں ستاروں میں شمار کیا جاتا ہے، جنہوں نے اردو اور پنجابی فلموں میں طویل عرصے تک کام کیا ہے۔ حالیہ دنوں ان کی فلم ’’بلھا‘‘ باکس آفس پر کامیاب رہی جبکہ وہ عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’’سائیکو‘‘ میں بھی نظر آئیں گے۔کراچی میں اپنی فلم ’’سائیکو‘‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر جب شوبز انڈسٹری کی بڑی شخصیات کی عدم موجودگی پر سوال کیا گیا تو شان شاہد نے اس پر کھل کر اپنا ردعمل دیا۔انہوں نے کہا کہ بعض فنکار ایک مخصوص دائرے تک محدود رہتے ہیں اور فن کے نام پر بات کرتے ہوئے مختلف معیار اپناتے ہیں۔ ان کے مطابق جب دوسرے ممالک سے کام کے مواقع آتے ہیں تو فن کو سرحدوں سے بالاتر قرار دیا جاتا ہے، لیکن مقامی سطح پر ایسا رویہ نظر نہیں آتا۔شان شاہد نے یہ بھی کہا کہ وہ کراچی میں ہونے والے اچھے کام کی قدر کرتے ہیں، تاہم بعض بڑے اداکاروں کے رویے میں وہ گرمجوشی نظر نہیں آتی جو دیگر شہروں کے فنکاروں کے ساتھ ہونی چاہیے۔ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کچھ صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کیا ہے جبکہ بعض نے اسے غیر ضروری تنقید قرار دیا ہے۔