لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، متعدد دہشت گرد ہلاک، ٹھکانے تباہ
لکی مروت (اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں عزم استحکام ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے خلاف اہم کامیابی حاصل کی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے، جبکہ کئی خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔سیکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔