سیکیورٹی خدشات، ٹانک میں دفعہ 144 نافذ، متعدد علاقوں میں آمدورفت محدود

سیکیورٹی خدشات، ٹانک میں دفعہ 144 نافذ، متعدد علاقوں میں آمدورفت محدود

Jul 24, 2026|ویب ڈیسک

 پشاور( اباسین خبر) سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع ٹانک میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں نقل و حرکت اور ٹریفک پر عارضی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ روزانہ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مؤثر رہے گا، جبکہ اس دوران سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈبرہ سے ٹانک بائی پاس تک اہم شاہراہیں اور راستے بند رہیں گے۔ پابندی کی زد میں آنے والے دیگر علاقوں میں بولٹن آباد، گڑہ پتھر، گرہ حیات، ٹانک بائی پاس، رنوال، منجی خیل، بھگووال شاہراہ اور رنوال اڈہ شامل ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پابندی کے دوران ان علاقوں میں ہر قسم کی عام ٹریفک کی آمدورفت محدود رہے گی، جبکہ رنوال اڈہ بازار بھی بند رکھا جائے گا۔ تاہم ایمرجنسی سروسز، ایمبولینسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہے۔