ڈی آئی خان میں دفعہ 144 نافذ، متعدد علاقوں میں آمدورفت بند

ڈی آئی خان میں دفعہ 144 نافذ، متعدد علاقوں میں آمدورفت بند

Aug 25, 2026|ویب ڈیسک

ڈی آئی خان( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے متعدد علاقوں اور شاہراہوں پر 12 گھنٹے کے لیے نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی 25 اگست کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک برقرار رہے گی۔ اس دوران ڈی آئی خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے بعض علاقوں کے راستوں پر آمدورفت بند رہے گی۔انتظامیہ کے مطابق طارق شہید چوک سے بھگوال تک ڈی آئی خان، ٹانک روڈ اور اقبال فورٹ سے بھگوال تک ٹانک روڈ کے حصے میں آمدورفت معطل رہے گی۔ کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل اور گڑھ عبداللہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی نقل و حرکت محدود ہوگی۔تکوارہ، ہتھالہ، پوتہ، بدھ، کنوری اور گڑھ محبت سمیت مختلف رابطہ سڑکوں پر بھی آمدورفت بند رہے گی، جبکہ پوتہ اور ہتھالہ بازار بھی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن کے تحت مسافر اور مال بردار گاڑیوں سمیت موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ہنگامی خدمات کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ضرورت پڑنے پر پولیس یا سکیورٹی فورسز کی اجازت سے آمدورفت ممکن ہوگی۔انتظامیہ کے مطابق پابندی کا مقصد علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے