سعودی وزیر دفاع کی ٹرمپ سے ہنگامی ملاقات، علاقائی کشیدگی پر بات چیت

سعودی وزیر دفاع کی ٹرمپ سے ہنگامی ملاقات، علاقائی کشیدگی پر بات چیت

Jul 30, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ہنگامی ملاقات کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ملاقات کا مقصد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام امریکی صدر تک پہنچانا تھا۔اس سے قبل جے ڈی وینس سے ملاقات میں سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نواز عراقی ملیشیاؤں کی جانب سے بنیادی ڈھانچے اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد صورتحال کا جواب دینا ضروری ہوگیا تھا۔شہزادہ خالد بن سلمان نے واضح کیا کہ عراق میں کی جانے والی کارروائی کا مقصد کشیدگی میں اضافہ کرنا نہیں تھا بلکہ یہ پیغام دینا تھا کہ سعودی عرب اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔انہوں نے امریکی نائب صدر کو بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایران کے ساتھ کشیدگی بڑھانے پر زور دے رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب سمجھتا ہے کہ کشیدگی میں کمی زیادہ بہتر اور فائدہ مند راستہ ہے۔امریکی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے عراق میں کارروائیوں کا مقصد حوثیوں کو بھی پیغام دینا تھا۔ سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ مملکت حوثیوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔شہزادہ خالد بن سلمان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے معاملے پر فی الحال امریکا کی براہ راست مداخلت کی ضرورت نہیں، جبکہ ان کے ساتھ مذاکرات کا عمل بھی جاری ہے۔