سکیورٹی فورسز، حکومت اور عوام ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہیں، سرفراز بگٹی

سکیورٹی فورسز، حکومت اور عوام ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہیں، سرفراز بگٹی

Oct 21, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات اور گوادر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز، حکومت اور عوام متحد ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قلات اور گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کے پختہ عزم کا ثبوت ہے۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر صوبے میں بدامنی پھیلا کر عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز ان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ، ریاستی عمل داری کے قیام اور صوبے میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے پسنی میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کے دھماکے میں شہید ہونے والے میجر وجاہت وحید کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید افسر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جان قربان کی، جس پر پوری قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ ان کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہیں اور قوم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پورے ملک کی مشترکہ جدوجہد ہے۔ پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد، اداروں کے درمیان مؤثر تعاون اور عوام کی حمایت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے عزمِ استحکام کے تحت بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے اور دہشت گردوں کو ان کے مقاصد میں ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صوبے کے عوام محفوظ ماحول میں زندگی گزار سکیں۔