سردارانِ سراوان کا اجلاس، بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار

سردارانِ سراوان کا اجلاس، بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار

Aug 3, 2026|ویب ڈیسک

 کو ئٹہ( اباسین خبر)چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی زیر صدارت سردارانِ سراوان کا اجلاس سراوان ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں چیف آف بیرک نواب محمد خان شاہوانی، سردار کمال خان بنگلزئی، سردار عظیم جان محمد شہی اور سردار عاصم جان سرپرہ نے شرکت کی۔شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور کہا کہ بلوچستان کو طویل عرصے سے بے روزگاری، ناانصافی، بدامنی، کرپشن، غیر یقینی صورتحال اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ بلوچستان کے نوجوان روزگار کے محدود مواقع کے باعث بارڈر تجارت سے وابستہ ہیں، جہاں سے حاصل ہونے والی آمدنی ان کے روزمرہ اخراجات کا ذریعہ بنتی ہے۔ شرکاء نے بارڈر نظام سے متعلق معاملات پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ اگر بلوچستان میں منشیات یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا مسئلہ موجود ہے تو اس کی روک تھام کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی سردار یا نواب پر کسی قسم کے الزامات ہیں تو ان کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں۔اجلاس میں قبائلی نظام کے تاریخی کردار پر بھی گفتگو کی گئی اور کہا گیا کہ بلوچ قبائلی نظام نے قومی تشخص، وحدت اور روایات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ نظام عوام کے جان و مال، عزت و وقار اور روایتی اقدار کے تحفظ کا ذریعہ رہا ہے اور تاریخی طور پر مظلوم کے دفاع اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔