روس کے یوکرین پر ڈرون اور میزائل حملے، 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی
ماسکو( مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے یوکرین کے مختلف علاقوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے بڑے پیمانے پر حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ 34 سے زائد زخمی ہو گئے۔یوکرینی فوج کے مطابق حملوں میں رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ 6 منزلہ رہائشی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کے دنیپروپیٹروسک اور پولتاوا کے علاقوں میں واقع ایئرپورٹس کو نشانہ بنایا۔روسی وزارتِ دفاع کے مطابق فضائی، زمینی اور بحری راستوں سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید ہتھیاروں اور ڈرونز کے ذریعے یہ کارروائیاں کی گئیں۔