کیف پر روسی حملے، 30 سے زائد دھماکے، ایک شخص ہلاک
کیف( مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی حملوں کے نتیجے میں 30 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی۔روسی میڈیا کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں حملوں کے باعث ایک شخص کی ہلاکت اور 5 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔رپورٹس کے مطابق دھماکوں کے بعد کیف اور اس کے نواحی علاقوں میں فضائی حملے کے انتباہی سائرن بجنے لگے۔روسی ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی فوج نے حملوں میں جدید میزائل اور ڈرونز استعمال کیے، جنہیں یوکرین کا فضائی دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہا۔واضح رہے کہ ساڑھے چار سال سے جاری روس، یوکرین جنگ کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے حملوں کی شدت اور دائرہ کار میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔گزشتہ دنوں بھی دونوں ممالک کے درمیان حملوں کے تبادلے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں روس میں 9 اور یوکرین میں 5 اموات شامل تھیں۔