روس اور پاکستان کے درمیان علاقائی امور پر مشاورت
ماسکو( مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو نے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خلیج فارس سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔روسی وزارت خارجہ کے مطابق 26 جون کو ہونے والی اس ملاقات میں روس اور پاکستان کے درمیان جاری دوطرفہ تعاون اور موجودہ ایجنڈے پر گفتگو کی گئی، جبکہ خلیج فارس کی صورتحال پر بھی دونوں فریقوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔روسی حکام نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے اسلام آباد کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کے مذاکراتی اور سفارتی کردار کو مثبت نظر سے دیکھتا ہے۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں اور روس اور پاکستان مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دے رہے ہیں۔