پی ٹی آئی کا حکومت پر عدالتی حکم اور عمران خان کی صحت سے کھلواڑ کا الزام

پی ٹی آئی کا حکومت پر عدالتی حکم اور عمران خان کی صحت سے کھلواڑ کا الزام

Aug 22, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے عمران خان کو طبی سہولت فراہم کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیا اور ان کی صحت کے معاملے کو بھی نظر انداز کیا۔ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ عدالتی حکم کے مطابق عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال لے جانا تھا، تاہم وہاں پی ٹی آئی کا کوئی کارکن موجود نہیں تھا۔ ان کے بقول عمران خان کے مکمل طبی ٹیسٹ بھی نہیں کیے گئے، صرف بلڈ پریشر چیک کیا گیا اور آنکھ میں انجیکشن لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ میں کس بنیاد پر طبی رپورٹ پیش کرے گی، اس بارے میں بھی سوالات موجود ہیں اور پی ٹی آئی حکومتی رپورٹ کو تسلیم نہیں کرے گی۔شفیع جان نے اعلان کیا کہ پارٹی اب سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔ ان کے مطابق مذاکرات کے حامی پی ٹی آئی کے بعض رہنما بھی موجودہ صورتحال کے بعد احتجاج کی طرف جانے پر متفق دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے معاملے میں کوئی رابطہ یا مفاہمت نہیں ہوئی، حکومت نے عدالتی حکم کو نظر انداز کیا، جس پر پی ٹی آئی توہینِ عدالت کی کارروائی کا راستہ اختیار کرے گی۔