شہزادہ ہیری کا 6 سال بعد خاندان سمیت برطانیہ واپسی کا فیصلہ
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے تقریباً 6 سال امریکا میں قیام کے بعد اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بچوں سمیت رواں ماہ وطن واپس آنے کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ شہزادہ ہیری نے اتوار کو اپنے والد بادشاہ چارلس کو برطانیہ واپسی کے منصوبے سے آگاہ کردیا ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وطن واپسی کے باوجود ہیری اور میگھن کی شاہی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ دونوں پہلے سے طے شدہ انتظام کے تحت شاہی خاندان کے غیر سرکاری ارکان کی حیثیت سے رہیں گے اور سرکاری ذمہ داریاں انجام نہیں دیں گے۔ہیری کے 7 سالہ بیٹے آرچی اور 5 سالہ بیٹی للی بیٹ کا برطانیہ کے ایک اسکول میں داخلہ بھی کرادیا گیا ہے، تاہم شہزادہ ہیری اور ان کا خاندان ملک میں کہاں رہائش اختیار کرے گا، اس بارے میں ابھی کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں۔شہزادہ ہیری 6 سال قبل شاہی خاندان سے اختلافات کے بعد سابق اداکارہ اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ ان کے برطانیہ چھوڑنے کے فیصلے سے ان کے والد بادشاہ چارلس، سوتیلی والدہ کمیلا اور بڑے بھائی شہزادہ ولیم بھی پہلے سے آگاہ نہیں تھے۔