امن و امان سے ہی معیشت میں بہتری آئے گی، فیصل کریم کنڈی
چارسدہ( اباسین خبر) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام سے معیشت میں بہتری آئے گی اور ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم اور سی این جی سے متعلق معاملات پر صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور خیبر پختونخوا کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل اور وفاقی حکومت نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں آئین اور قانون کو تسلیم نہ کرنے والوں سے مذاکرات ممکن نہیں، جبکہ ہٹ دھرمی سے مسائل حل نہیں ہوتے۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ مضبوط وفاق ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے اور تمام مسائل کو باہمی تعاون اور مشاورت سے حل کیا جا سکتا ہے۔