مشرق وسطیٰ کشیدگی، پاکستان کا مذاکرات پر زور

مشرق وسطیٰ کشیدگی، پاکستان کا مذاکرات پر زور

Jul 30, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( اباسین خبر) دفتر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے، جبکہ فریقین کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران صورتحال میں کچھ بہتری آئی ہے اور پاکستان کوشش کر رہا ہے کہ تمام فریقین کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت مذاکرات کی طرف واپس لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان معاملات کے حل کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جبکہ 25 جولائی کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ سے بھی بات چیت کی۔ اس کے علاوہ اردن کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ ہوا، جبکہ کویت کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل کیا۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور آبنائے ہرمز کی صورتحال تشویشناک ہے، تاہم پاکستان پرامید ہے کہ دونوں فریق تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خلیج، خصوصاً آبنائے ہرمز اور باب المندب میں ہونے والی پیش رفت باعث تشویش ہے، لیکن حالات معمول پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو خطے کے دیگر حصوں تک نہیں پھیلنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے سعودی وزارت دفاع کا بیان دیکھا ہے، جس کے مطابق عراق سے متعدد ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کو نشانہ بنایا گیا، تاہم انہیں معلوم نہیں کہ عراق کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے یا نہیں۔